اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان کو کرپشن اور تعصب نے نقصان پہنچایا ہے، موجودہ حکومت کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں ہے ، جوڈیشل کمپلکس کا رواں سال افتتاح کر دیا جائے گا،ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد کو 50لاکھ روپے فنڈز دینے کا بھی اعلان کرتا ہوں ۔انہوں نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدعو کرنے پر ممبران بار کونسل کا شکر گزار ہوںآپ کو دیکھ کر میرا خون جوش میں آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب سے وزیر قانون کا قلمدان سنبھالا ڈسٹرکٹ وہائی کورٹ بار سمیت وکلا میری ترجیح رہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی سہولت کے لئے اس سال جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کیا جائے گا۔ فروغ نسیم نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے ساتھ ،ساتھ بار ایسوسی ایشنز اور بار کونسلز کو بھی خود مختار ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بار کو مالی طور پر آزاد اور خودمختار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کے لیئے فیسیلیٹیشن سنٹر کے لیئے وفاقی حکومت کی مدد سے اسی سال جگہ کی فراہمی اور افتتاح کی پوری کوشش کریں گے۔وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ اسلام آباد میں ہر صوبے کی طرح ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ہو ں گے اس حوالے سے ڈرافٹ تیار کر کے بھیجوا دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلائمیرٹ کی بنیاد پر تعینات کیئے جائیں گے ۔فروغ نسیم نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن اور تعصب نے نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی محنت سے میرٹ کو بہتر بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بار کونسل ایکٹ میں اگر کوئی ترمیم کرنی ہو تو اس پر کام ہو سکتا ہے اس سے قبل بھی تمام بار کونسلز سے مشاورت کی گئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ نادرا سکسیشن سرٹیفکیٹ کے معاملات میں وکلاء کی مدد اور رہنمائی لی جائے ۔ فروغ نسیم نے کہا کہ سول پروسیجر کوڈ ترمیم کے معاملے پر انا کا کوئی مسئلہ نہیں، وکلاء کی جانب سے رہنمائی کے لیئے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمپلکس اور ججز کی روٹیشن سمیت وکلاء کے مسائل حل کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی مختلف کمٹیاں تشکیل دے جو میرے ساتھ مشاورت کریں تاکہ جلد از جلد مسائل حل ہو سکیں۔انہوںنے کہا کہ اس سال ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے لئے 50لاکھ روپے فنڈز دینے کا اعلان کرتا ہوں اور میں صدر بار سے کہتا ہو ں کہ وہ وکلاء کی فلاح کے مزید منصوبے سامنے لائیں تاکہ فندز میں اضافہ کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال اسلام آباد ہائی کورٹ نئی عمارت میں شفٹ ہو جائے گی جس کے بعد جی ٹین میں ڈسٹرکٹ بار کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کے لئے وزارت قانون کے دروازے 24گھنٹے کھلے ہیں جو بھی مسائل ہوں آگاہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلاء ایسا کوئی قدم نہ اٹھائیں جس سے وکالت کا شعبہ بدنام ہووکلاء نے اپنی عزت خود کروانی ہے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر قانون کو تاحیات ممبر شپ دینے کا بھی اعلان کیا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک ظفر کھوکھر نے بھی خطاب کیا۔