اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز صاحبہ آپ کونسی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہیں؟ ضمانت ملنے کے باوجود ایسی کیا زنجیر ہے جس نے آپ کو جکڑا ہوا ہے؟ جمعرات کو معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ زنجیریں توڑ کر اپنی آزادی کا اعلان کیوں نہیں کرتیں؟” صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں”. انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر میڈیا میں آپ کی رونمائی صرف ذاتی درد کیلئے ہے، وزیر اعظم عمران خان قوم کو آپ کے دیئے ہوئے دکھوں اور دردوں کا مداوا بڑے احسن انداز سے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو اب آپ مزید گمراہ نہیں کر سکتے، عوام جانتے ہیں کہ جب بھی لیگی قیادت اقتدار سے محروم ہوئی ، انہوں نے پاکستان رہنا پسند نہیں کیا، آپ نے عوام سے زیادہ اپنے سوٹ کیسوں سے وفا کی جنہیں آپ ہمیشہ ساتھ لے گئے۔