اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) پنجاب کے 15 اضلاع میں تلسی کی پیداوار میں اضافہ کا پروگرام شروع ہو گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبہ کے پندرہ مختلف اضلاع میں تلسی کے بیج کی پیداوار میں اضافے کے پانچ سالہ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 5 ارب 11 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے اس پروگرام کا مقصد تلسی کے بیج کی فصل کی کاشت کا فروغ ہے۔ پنجاب کے محکمہ زراعت کے حکام نے کہا ہے کہ منصوبہ کے تحت تلسی کی کاشت کےلئے اراضی کا رقبہ 45 ہزار ایکڑ سے بڑھا کر ایک لاکھ ایکڑ کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلسی کی کاشتکاری کے فروغ کا منصوبہ سیالکوٹ، ملتان، بہاول نگر، اوکاڑہ، راجن پور، رحیم یارخان، بہاولپور، لودھراں، میانوالی، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، وہاڑی، مظفر گڑھ اور خانیوال کے اضلاع میں شروع کیا جا رہا ہے۔