دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کےلئے وزارت اطلاعات و نشریات کا کلیدی کردار ہے، وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی

128

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی اداروں کے افسران اور ملازمین ہمارا فخر ہیں، دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کےلئے وزارت اطلاعات و نشریات کا کلیدی کردار ہے، انفارمیشن گروپ کی بیرون ملک پوسٹوں میں اضافہ کےلئے کوششیں جاری ہیں۔ وہ انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں 36ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی پی) کے پروبیشنرز کی پاسنگ آﺅٹ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات ظہور برلاس، ایم ڈی اے پی پی طارق محمود خان، ڈپٹی ڈی جی ثمینہ فرزین، انفامیشن گروپ کے سینئر افسر سہیل علی خان کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام بھی موجود تھے۔ پاسنگ آﺅٹ تقریب میں انفارمیشن گروپ کے پروبیشنرز کی جانب سے تخلیقی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کورس کے شرکاءکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایک فیصد منتخب لوگوں میں سے ہے، انفارمیشن گروپ کے ان افسران پر اللہ تعالیٰ کا خاص نظر کرم ہے، آپ کی زندگی کا ایک اہم مرحلہ شروع ہو رہا ہے، کسی بھی شعبہ میں اچھے استاد اچھی زندگی کےلئے سمت دیتے ہیں، ہمیں ایک دوسرے سے موازنہ کرنے کی روایت سے باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت میں چیلنجز کو کم کرنے کےلئے نئے آنے والوں کا بھی اہم کردار ہے، دیانتداری، نظم و ضبط اور عزم منزل تک پہنچاتا ہے، زندگی میں کامیابی کےلئے شارٹ کٹ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی اداروں کے افسران اور ملازمین ہمارا فخرہیں، دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کےلئے وزارت اطلاعات و نشریات کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کا مقصد اور اہداف ہونے چاہئیں، محنت کرنا انسان کا کام ہے، نتیجہ اللہ تعالیٰ دیتا ہے اس کےلئے اپنے کاموں میں اللہ تعالیٰ کی مدد شامل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ایک امتحان ہے اس کےلئے احتیاط اور تحفظ ضروری ہے، اس امتحان میں بھی اللہ تعالیٰ کامیابی دے گا۔ ڈپٹی ڈی جی ثمینہ فرزین نے آئی ایس اے کی تربیتی پروگراموں سے متعلق آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر 36ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی پی) کے 14 پروبیشنرز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔
a