چین کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے یورپی یونین کے ساتھ کھڑا ہے، چینی وزیرِ اعظم لی کی چیانگ کی یورپی کمیشن کی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو

62

بیجنگ۔ 20مارچ (اے پی پی) چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وانڈر لیئین سے ٹیلی فونک بات چیت کی۔لی کی چیانگ نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف چین کی لڑائی کے ابتدائی مرحلے میں یورپی یونین کے اداروں نے ہمدردی کا اظہار کیا اور متعدد مرتبہ امدادی سازوسامان فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ چین یورپی یونین کی مشکلات اور موجودہ وبائی صورتحال پر اظہارِ ہمدردی کرتا ہے، وباء کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لئے کوئی ملکی سرحد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں چین یورپی یونین کے ساتھ کھڑا ہے اور اس وباء کا مقابلہ کرنے کے لیے یورپ کی حمایت کرتا ہے ، چین تجارتی چینلز کے ذریعے یورپی یونین کو طبی سامان خریدنے کے سلسلے میں آسانی فراہم کرے گا، امید ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے یورپی یونین کے ممالک میں بین الاقوامی طلباء سمیت چینی شہریوں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔یورپی کمیشن کی صدر نے کہا کہ موجودہ وباء اب یورپ میں بھی پھیل رہی ہے، ہم اس وباء کا مقابلہ کرنے کے لیے چینی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہیں،یورپی یونین کو فوری طور پر طبی سازوسامان خریدنے کی ضرورت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ چین اس میں تعاون جاری رکھے گا۔