اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے حوالے سے اعدادوشمار بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی بات غیر ذمہ دارانہ ہے، ملک بھر میں ڈاکٹرز اعدادوشمار کی انٹری کرتے ہیں اس میں سیاستدانوں کی کوئی مداخلت نہیں ہے، سیاستدانوں اور میڈیا سے اپیل ہے کہ کورونا کے معاملے پر سنسنی پھیلانے کی کوشش نہ …
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے حوالے سے اعدادوشمار بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی بات غیر ذمہ دارانہ ہے، ملک بھر میں ڈاکٹرز اعدادوشمار کی انٹری کرتے ہیں اس میں سیاستدانوں کی کوئی مداخلت نہیں ہے، سیاستدانوں اور میڈیا سے اپیل ہے کہ کورونا کے معاملے پر سنسنی پھیلانے کی کوشش نہ کریں اور احتیاط سے کام لیں یہ انسانی جانوں کا معاملا ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وباءسے بچنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ بھاری قیمت ادا کر رہا ہے اسلئے حکومت نے لاک ڈاﺅن میں نرمی کا فیصلہ کیا تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہوں اور غریب لوگوں کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔ اسد عمر نے کہا کہ ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ وباءکو اتنا نہ پھیلنے دیا جائے کہ صحت کا نظام مفلوج ہو جائے اسلئے ملک بھر کے تمام ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ڈاکٹرز اور دوسرے طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے حفاظتی سامان براہ راست ہسپتال کے ایم ایس کو پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فیصلوں کا زیادہ تر انحصار رپورٹ ہونے والی اموات پر ہوتا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں صورتحال ابھی بہتر ہے، حکومت عوام کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی مسائل کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال آمد پر انتقال کرنے والوں کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔








