اسلام آباد ۔ 4 جون (اے پی پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو 63 آئی سی یو ونٹیلیٹرز، 63 بائی پیپ اور 60 ایکسرے مشینں فراہم کر دی گئیں۔ جمعرات کو ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کو 26 ، 26 آئی سی یو ونٹیلیٹرز اور بائی پیپ دیئے گئے ہیں۔ پنجاب میں لاہور اور راولپنڈی کے لیے دس دس اور ملتان کے لیے چھے چھے آئی سی یو ونٹیلیٹرز اور بائی پیپ مختص کئے گئے ہیں۔ سندھ کو سولہ سولہ آئی سی یو ونٹیلیٹرز اور بائی پیپ فراہم کیے گئے۔ سندھ میں کراچی کے لیے دس دس اور سکھر کے لئے چھے چھے آئی سی یو وینٹیلیٹرز اور بائی پیپ مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کو بھی 16 آئی سی یو ونٹیلیٹرز اور 16 بائی پیپ جاری کئے گئے ہیں۔ پشاور کے لیے دس دس اور ایبٹ آباد کے لئےچھے چھے ونٹیلیٹرز اور بائی پیپ دیئے گئے۔ترجمان کے مطابق چاروں صوبوں کو 10، 10 ایکسرے مشینین بھی فراہم کردی گئیں۔ آذاد کشمیر، گلگت بلتستان کو بھی پانچ پانچ ایکسرے مشینیں فراہم کی گئیں۔ ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد پولی کلینک کو 5 آئی سی یو ونٹیلیٹرز اور 5 بائی پیپ دیئے گئے ہیں۔ پمز اور پولی کلینک کو 5، 5 ایکسرے مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔