ترنول میں200 بسترکے ہسپتال، 4 بنیادی مراکز صحت کی تعمیر کے لیے پی ایس ڈی پی میں269.978 ملین روپے مختص

123

اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی)وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ترنول میں200 بستر کے ہسپتال اور4 بی ایچ یوز کی تعمیر کے لیے قومی صحت ڈویژن کے منصوبوں کے لیے آئندہ مالی سال2020-21ء کے بجٹ کے تحت سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) میں269.978 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ وزارت قومی صحت کے حکام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ترنول کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈھوک پراچہ میں دو سو بستر کے ہسپتال کے پی سی ون کے لیے65 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سی ڈی اے اور وزارت مواصلات نے اس ہسپتال کی تعمیر کے لیے جگہ کی فراہمی کا عندیہ دیا ہے اور ہسپتال کی تعمیر کے لیے محکمہ مال نے نشاندہی کر دی ہے۔ حکام کے مطابق دیہی علاقوں میں اس کے علاوہ مزید چار بنیادی صحت کے مراکز بھی تعمیر کئے جائیں گے جن کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی میں 204.978 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔