وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی وفاقی دارالحکومت میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کے علاقوں کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو

86

اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے عدم پھیلاﺅ کی ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عمل سے اس وباءکو شکست دی جا سکتی ہے، سمارٹ لاک ڈاﺅن والے علاقوں میں دوبارہ ٹیسٹنگ کے لئے منفی آنا وباءکے پھیلاﺅ میں کمی کی نشانی ہے، وزیراعظم نے ہمیشہ زمینی حقائق قوم کے سامنے رکھے، چیلنجز کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ وہ جمعرات کو وفاقی دارالحکومت میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کے علاقوں کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس زیادہ پھیلنے والے علاقوں کو ہاٹ سپاٹ قرار دے کر ان علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاﺅن لگایا گیا ہے، اس کا مقصد کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاﺅ کو روکنا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے باعزت طریقے سے علاقے کو سمارٹ لاک ڈاﺅن کیا ہے ا ور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی نائن کے علاقے میں دوبارہ ٹیسٹنگ سے ثابت ہوا ہے کہ وباءکا پھیلاﺅ کم ہو رہا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، اس وباءکو احتیاط کے ذریعے ہی شکست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے پر بھی 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہاٹ سپاٹ علاقے جلد معمول پر آ جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے زمینی حقائق ہمیشہ قوم کے سامنے رکھے، مناسب بجٹ دیا اور تمام چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں، یہ ہی ایک کامیاب لیڈر کی نشانی ہوتی ہے۔