
مظفرآباد ۔ 26 جون (اے پی پی)آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیرپاکستان کی دفاعی فصیل ہے ‘ حکومت پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے ‘ کشمیر یوں اور پاکستان کے رشتے میں کوئی رخنہ نہیں ڈال سکتا۔ایل او سی پر آباد کشمیری ہندوستانی فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے شدید مصائب کا شکار ہیں‘ ایل او سی کے عوام کےلئے خصوصی پیکج دینے پر وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کشمیریوں پرانسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے ۔ پانچ اگست 2019سے کشمیری بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ ایل او سی پر بسنے والے شہریوں پر بھی براہ راست گولہ باری او ر فائرنگ کرتا ہے ۔ کشمیری اپنے نظریاتی تعلق کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے وفاقی حکومت کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت لائن آف کنٹرول کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خا ن نے متاثرین ایل او سی میں امدادی چیکس تقسیم کیے جبکہ صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان ، وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور اور چیئرپرسن احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔ صدر آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر میں ٹورازم اور ہائیڈل کا وسیع پوٹیشنل موجود ہے ۔ ان وسائل کو بروئے کار لا کر ہم معاشی کفالت حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج تشدد کے خلاف عالمی دن منایا جارہا ہے ۔ آج کے دن کے توسط سے عالمی برادری اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں۔