اقوام متحدہ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے نیویارک میں جنرل اسمبلی کے 71ویں سیشن کے موقع پر ملاقات کی، ملاقات کے دوران انہوں نے جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال‘مقبوضہ کشمیر ، مشرق وسطیٰ ‘ شام اور عراق کی صورتحال کا جائزہ لیا‘ 15 جولائی 2016ءکو ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد دونوں رہنماﺅں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔ وزیراعظم کی معاونت مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز‘ معاون خصوصی سید طارق فاطمی‘ خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری اور دیگر حکام نے کی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو بغاوت کو کامیابی سے ناکام بنانے پر پاکستان کے عوام کی جانب سے ٹھوس حمایت کا اظہار کیا۔ نواز شریف دنیا کے ان پہلے رہنماﺅں میں شامل تھے جنہوں نے بغاوت کو ناکام بنانے پر ترک صدر کو کال کی اور جمہوری منتخب حکومت اور ترکی کے عوام کے ساتھ حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔