دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ سے تجاوز کرگئی

110

واشنگٹن/لندن ۔ 29 جون (اے پی پی) دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد پانچ لاکھ 5 ہزار تک پہنچ گئی۔ پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس اب بھی لاطینی امریکہ، ایشیائی ملکوں اور دنیا کے بعض دیگر خطوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری اعداد و شمار کے مطابق مختلف ملکوں میںکورونا وائرس سے اب تک پانچ لاکھ سے زائد متاثرہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں وائرس سے 10,249,741افراد متاثر ہوچکے ہیں، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 504,490 ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد 4,187,277 ہے۔ امریکہ میں اب تک 2637077افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 128437افرادلقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل، برطانیہ، اٹلی، فرانس، اسپین اور میکسیکو ایسے ممالک ہیں جہاں ہر ملک میں کورونا وائرس سے20 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق برازیل اور امریکہ میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ ادھر برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دنیا بھر میں اب تک ایک کروڑ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 26 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ ملک میں اب تک ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے جن ممالک میںکورونا سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں ان میں امریکہ اوربزازیل سر فہرست ہے۔ امریکہ میں اب تک 128,400، برازیل میں57,174، برطانیہ میں43,550، اٹلی میں 34,738، فرانس میں 29,778، سپین میں 28,343، میکسیکو میں 26,381، بھارت میں 16,487، ایران میں 10,508، بیلجیئیم میں 9732، پیرو میں 9135، روس میں 9073، جرمنی میں 9029، کینیڈا میں 8522 اورہالینڈ میں 6105 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دریں اثناء بھارت میں بھی کورونا وائرس انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دہلی میں صحت کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور یورپ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد اس وقت لاطینی امریکہ کے ممالک کورونا وائرس کا مرکز بنا ہوا ہے۔ امریکہ اور یورپی یونین اور دیگر ممالک نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے 6.9 ارب ڈالر جمع کئے ہیں جن سے خطرات کی زد میں موجود ممالک کی مدد کی جائے گی۔ یورپی یونین کے اکثر رکن ممالک نے کورونا سے محفوظ غیر یورپی ممالک کی فہرست تیار کی ہے جس میں امریکہ شامل نہیں ہے۔ اس فہرست میں شامل ممالک کے شہریوں کو یورپی یونین میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ امریکہ میںمہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 26 لاکھ 37 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 14لاکھ سے زائد ہے جبکہ اس وائرس سے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار سے افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ 2637077 متاثرین کے ساتھ سرفہرست ملک ہے۔ برازیل میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 13لاکھ 45 ہزار سے زائد ہے جبکہ ملک میں فعال متاثرین کی تعداد 553748 ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد57658 ہوگئی ہے۔