اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) وفاقی وزیرہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کا گند صاف کرنا ہمارا مینڈیٹ ہے‘ ماضی میں جمہوریت کے نام پر اداروں کو تباہ و برباد کیا گیا۔ پیرکوقومی اسمبلی میں مختلف پارلیمانی رہنماﺅں کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کے معاملات پرصرف حکومت نے نہیں بلکہ سپریم کورٹ نے بھی سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے ہدایات جاری کی تھیں کہ پی آئی اے میں دس سال کی ملازمتوں کی تحقیقات اور اسناد کی تصدیق کی جائے۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے میں میرٹ کے بغیر بھرتیاں ثابت ہوئیں۔ پاکستان اورقومی ائیرلائن پربدنما داغ کی ذمہ دار بھی ماضی کی حکومتیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے میں641 لوگ مشکوک تھے ان میں کیبن عملہ ‘ ٹیکنیشن‘ مکینک اور ایڈمن کے لوگ شامل تھے۔ تحقیقات میں ایک سال کا عرصہ لگا ہے۔ یہ سارے لوگ 2010ءسے 2018ءتک کے عرصہ میں بھرتی کئے گئے۔ موجودہ حکومت نے انکوائری کی ہے۔ کل کابینہ میں 40 لوگوں کے کیسز لے کر جارہے ہیں۔ہم سب کے پیچھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری کے معاملے پروہ سپریم کورٹ تک گئے ہیں اور تمام کیس ختم کرکے سپریم کورٹ سے کلین چٹ لے کر 2018ءمیں عوام کے سامنے پیش ہوئے اوردونوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی۔ میری اسناد آج بھی چیک کی جاسکتی ہیں، میں کسی اقامہ پردبئی میں چپڑاسی نہیں بنا ہوں۔