کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور
کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور
لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز لاہورفیصل کامران نے کہا ہے کہ تھانوں یاکسی بھی ونگ کا اہلکارکرپشن میں ملوث ہوا تو سخت کارروائی ہوگی، اس سلسلہ میں متعلقہ ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹادیاجائے گا ۔ یہ بات انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوزسمیت 84 تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں کرائم کنٹرول کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کرپشن کے معاملہ میں متعلقہ ڈی ایس پی،ایس پی سے بھی جواب طلبی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کوتھانوں میں ریلیف فراہم کیا جائے، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، شہریوں کے مسائل فوری حل کرناترجیح ہونی چاہیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کوبلاوجہ تنگ کرنے کی شکایت پرسخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنے علاقوں میں کرائم کنٹرول اور شہریوں کاتحفظ یقینی بنائیں۔








