اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے زرعی شعبہ کے فروغ اور خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹیوب ویلز کے حوالہ سے بجلی کے نرخوں پر سبسڈی دینے کی تجویز پرصوبوں کی مشاورت سے حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ وہ پیر کو یہاں زرعی شعبہ میں ٹیوب ویلز پر سبسڈی فراہم کرنے کی تجویز کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سیّد فخر امام، وزیر برائے توانائی عمر ایوب، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور سینئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ زرعی شعبہ کے فروغ اور خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹیوب ویلوں کے حوالہ سے بجلی کے نرخوں پر سبسڈی دینے کی تجویز پر مشاورت میں صوبوں کو شامل کرکے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خوشحالی زرعی شعبہ اور کسان کی خوشحالی سے وابستہ ہے۔