لاہور۔2جولائی(اے پی پی ) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ یہ گورننگ کونسل کا ایک اور اہم اجلاس تھا جہاں ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا ایچ بی ایل پی ایس ایل کا مستقبل اور اس کی فلاح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقیناََ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا مستقبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام فرنچائزز کے لیے بہت اہم ہے لہٰذا ہم سب مل کر اسے ایک بڑا، مضبوط اور بہتر برانڈ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اور فرنچائزز نے تمام زیرالتواء معاملات کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ دنیا کی بہترین کرکٹ لیگز میں شامل اس لیگ کے تمام فریقین کو فائدہ ہو اور وہ ترقی کرتے رہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے علیحدہ شعبے کا قیام ایک انتہائی ضروری اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور ایک وقف شدہ ٹیم اب اس میں بہتری لانے کے لیے سال بھر کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب نے دیکھا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان کے فینز کے لیے کیا معنی رکھتی ہے اور ہم سب اس کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔لاہور قلندرز کے سی ای او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ ہماری دیرینہ پارٹنرشپ کااہم پہلو پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کی سطح پر باقاعدہ مشاورت ہے، ہم نے اجلاس میں بہت نتیجہ خیز بات چیت کی ہے اور ہم پی سی بی کے ساتھ مل کر چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔