افغان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

116

اسلام آباد ۔ 5 جولائی (اے پی پی) افغان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ جلد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔عبد اللہ عبداللہ ملکی قیادت سے ملاقات کے دوران دو طرفہ اور علاقائی تعلقات کے ساتھ ساتھ افغان امن عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے اتوار کو اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔دورے کی حتمی تاریخ کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائیگا۔ محمد صادق نے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔ ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ نے اتوار کے روز اپنے ٹویٹر پر کابل میں پاکستان کے سفیر زاہد نصر اللہ خان سے ملاقات کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے امن عمل اور تنازعہ کے جامع تصفیہ کے لئے علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔افغان رہنما نے کہا کہ میں نے مناسب وقت پردورہ پاکستان کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔