لاہور۔9جولائی (اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر ملک اسد علی کھوکھرکے ہمراہ خانکی ہیڈ ورکس کا دورہ کیا، اس موقع پر ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات کا معائنہ اور پانی کی آمد اور اخراج کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا جبکہ وزیراعلیٰ کو خانکی ہیڈ ورکس اور پنجاب کے دیگر دریاؤں میں پانی کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلی ٰپنجاب سردار عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جہلم، چناب اور سندھ کے دریاؤں میں پانی کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں جبکہ پنجاب کے دیگرہیڈورکس کا بھی دورہ کروں گا،ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے دریائے چناب پر نیا خانکی بیراج تعمیرکیا گیا ہے جس کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر 21 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔نیا خانکی بیراج تعمیر ہونے سے لوئر چناب کینال میں 12 ماہ میں 11500 کیوسک تک پانی کا بہاؤیقینی بنایا جا سکے گا جبکہ4680 کلومیٹر طویل نہری نظام کے 2925 چینلزکو بلا تعطل پانی مہیا ہو سکے گا۔وزیر آباد سے خانکی بیراج تک27 کلومیٹر طویل سڑک بھی تعمیر کی گئی ہے۔ خانکی بیراج کے قریب بنیادی مرکز صحت اورعوام کی تفریح کیلئے پارک بنایا گیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعلی ٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں تحریک انصاف کی حکومت میں سینکڑوں منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچایا ہے جس سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوا بلکہ ملک مزید ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔