اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی بروقت اقدامات اور کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مختلف سب سیکٹرز میں سمارٹ لاک ڈاون اور ایس او پیز فالو کرنے سے کورونا کیسسز میں روز بروز کمی آ رہی ہے، 2 ہفتے قبل اسلام آباد میں روزانہ771کورونا کے کیسسز تھے جبکہ اب وہ کیسسز سو سے کم ہوگئے ہیں، جو پندرہ دن کی انتظامیہ کی جو محنت ہے وہ رنگ لا رہی ہے اور تسلسل کے ساتھ ڈیٹا نیچے کی طرف جا رہا ہے اور لاک ڈاون اور ایس او پیز کی فالو کرنے کی وجہ سے کورونا جو تیزی سے بڑھ رہا تھا اب نیچے کی طرف جانا شروع ہوگیا ہے۔ جمعرات کو” اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد میں دو سے تین ہفتہ قبل جب کورونا عروج پرتھا اور روزانہ کورونا کے کیسسز کے مریضوں میں اضافہ ہورہا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے جہاں سے زیادہ کیسسز رپورٹ ہو رہے تھے اس علاقے کو بند کرکے وہاں پر سمارٹ لاک ڈائون لگا دیا اور لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگائی، ہم نے تقریبا 13 رہائشی سب سیکٹرز اور چند کمرشل ایریاز کے مراکز سیل کیے، ان سیل شدہ سیکٹرز کا تفصیلی سروے، کنٹیکٹ،ٹریسنگ،گرائونڈ سرویلنس،اور مشتبہ افراد کے انفرادی ٹیسٹ کے بعد سیل شدہ سب سیکٹروں کو مرحلہ وار کھولا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاون سے یہ فائدہ ہوا کہ دو ہفتے قبل اسلام آباد میں یومیہ پونے آٹھ سو کورونا کیسز آتے تھے ،اب یومیہ کیسز کی تعداد سو سے بھی کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو علاقے ڈی سیل کیے گئے ہیں وہاں پردفعہ144کا نفاذ رہے گا اور اسسٹنٹ کمشنرز ان علاقوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی بہتر حکمت عملی اور سمارٹ لاک ڈاون کی وجہ سے گزشتہ روز93کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 7 جولائی کواسلام آباد میں63کیسز، 6 جولائی کو85کورونا کیسز،5جولائی کو 117کورونا کیسز،4 جولائی کو97کیسز،3جولائی کو113کیسز اور 2 جولائی کو170کورونا کے کیسز سامنے آئے ، یکم جولائی کو137اور30جون کو132کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اسلام آبادمیں کورونا کیسز مسلسل کمی کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایس او پیزپر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے، روزانہ کی بنیادپر ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے دوکانداروں اور شہریوں کو ہزاروں روپے جرمانے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے افرادکو ڈھائی لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔ کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے سو سے زائد ہوٹلوں اور 500 سے زائد دوکانوں کو سیل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالے 120 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 28 مقدمات درج کیے گئے۔ کورونا وبا کے دوران گراں فروشی کرنے والوں کو تقریبا 12لاکھ روپے کے جرمانے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔