آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی اور مذہبی قیادت کی ”اے پی پی“ سے بات چیت

172

مظفرآباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی اور مذہبی قیادت نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے عالمی فورم پر کشمیر کے مسئلے کو اس کے اصلی تناظر میں پیش کیا ہے۔ جمعرات کو ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ ٹھوس موقف کے ساتھ پیش کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا جنرل اسمبلی سے خطاب کا انداز سفارتی اصولوں کے عین مطابق تھا، وطن واپسی پرتمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو وزیر اعظم نواز شریف کا شاندار استقبال کرنا چاہےے۔آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے وزیر اعظم نواز شریف کے جرات مندانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کی آواز بلند کی اور مختلف ممالک کے نمائندگان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے بارے میں آگاہ کیا۔