مکہ مکرمہ ۔ 29 جولائی (اے پی پی) مناسک حج کا آغاز ہو گیا مکہ مکرمہ سے عازمین حج کے قافلے بدھ کو صبح سویرے منیٰ پہنچ گئے۔ اس سال فریضہ حج ادا کرنے والوں کا تعلق 160 ملکوں سے ہے ان میں ستر فیصد غیر ملکی ہیں۔منیٰ جہاں ہر سال خیموں کا شہرآباد ہوتا ہے اس سال کورونا وائرس کے باعث محدود حج کے باعث ایک حصہ ہی آباد ہوگا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے مقیم غیرملکیوں اور سعودیوں کو مکہ مکرمہ کے ہوٹل سے منیٰ منتقل کیا ہے۔ عازمین حج نے بدھ 8 ذی الحجہ ظہر، عصر، مغرب اورعشا کی نمازیں ادا کیں اور آج( جمعرات 9 ذی الحجہ ) فجر کی نماز ادا کرکے حج کا رکن اعظم وقوف ادا کرنے کے لیے میدان عرفات پہنچیں گے۔