پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں گذشتہ مالی سال کے دوران بالترتیب 3.80 فیصد اور 27.95 فیصد اضافہ ہوا ، ادارہ برائے شماریات

112
Department of Agriculture
Department of Agriculture

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) گذشتہ مالی سال کے دوران پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں بالترتیب 3.80 فیصد اور 27.95 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال میں جولائی تا جون 2019-20ءکے دوران پھلوں کی برآمدات سے 431.272 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ جولائی تا جون 2018-19ءکے دوران پھلوں کی برآمدات کا حجم 415.497 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال میں پھلوں کی برآمدات میں 15.775 ملین ڈالر یعنی 3.80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال میں 8 لاکھ 7 ہزار 313 میٹرک ٹن پھل برآمد کئے گئے جبکہ اس سے گذشتہ مالی سال میں 7 لاکھ 55 ہزار 688 میٹرک ٹن پھل برآمد کئے گئے تھے۔ پی بی ایس کے مطابق گذشتہ مالی سال 2019-20ءکے دوران 8 لاکھ 36 ہزار 330 میٹرک ٹن سبزیوں کی برآمدات سے 299.290 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ مالی سال 2018-19ءکے دوران سبزیوں کی برآمدات کا حجم 233.910 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح مالی سال 2018-19ءکے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2019-20ءکے دوران سبزیوں کی برآمدات میں 65.380 ملین ڈالر یعنی 27.95 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق مالی سال کے دوران چاول کی برآمدات بھی 5.12 فیصد کے اضافہ سے 2.096 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.175 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ دوسری جانب گذشتہ مالی سال کے دوران کووڈ۔19 کی عالمی وباءکے نتیجہ میں غذائی اجناس کی مجموعی قومی برآمدات 5.38 فیصد کی کمی سے 4.607 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 4.361 ارب ڈالر تک کم ہوئی ہیں۔