وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا مصنوعی ذہانت اور آئی او ٹی مصنوعات و خدمات کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

57

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سائنٹیسفک و ٹیکنالوجی کی ترقی کو پیداواری اور خدمات کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے بروئے کار لانا چاہتی ہے۔وہ منگل کو یہاں کامسٹیک کے زیر اہتمام مصنوعی ذہانت اور آئی او ٹی مصنوعات و خدمات کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس میگا ایونٹ میں 26سے زائد کاروباری،صنعتی ادارے،سٹریٹیجک تنظیمیں اور سنٹرز آف ایکسلینس شرکت کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے یہ اہم قدم اٹھانے پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی،آئی او ٹی اور ٹیلی کمیونیکشن کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی تحیقی اداروں کیساتھ تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی کامسٹیک سائنس و ٹیکنالوجی تعاون تنظیم انتہائی اہم بین الاقوامی تنظیم ہے جس کی پاکستان میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک نہ صرف دو طرفہ اور کثیر الجہتی روابط اور تبادلوں کے زریعے او آئی سی ممالک کی استعداد کار میں اضافے بلکہ معیاری ٹیکنالوجی مصنوعات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرر ہاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم متعدد اقدامات اور پروگراموں کی کامیابی کیلئے کامسٹیک کیساتھ قریبی کام کر رہے ہیں۔انہوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ”تھن فیوچر“ اور ”میڈ ان پاکستان“پروگرامز کو اجاگر کیا۔پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال 26فروری کو جب کویڈ 19کا پہلا کیس رجسٹرڈ ہوا تو ہمارا پی پی ایز کا زیادہ تر انحصار درآمد پر تھا لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آج ہم دنیا کو پی پی ایز برآمد کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کامسٹیک انتہائی اہم تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد 57اسلامی ملکوں میں سائنس و ٹیکنالوجی کے زریعے سماجی و اقتصادی ترقی لانا ہے۔انہوں نے کہا ہم چوتھے بڑے سافٹ ویئر برآمد کنندگان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پے پال(pay pal) سروسز پاکستان میں آن لائن ورک میں انقلاب برپا کردینگی۔