پاکستان نے دنیا کے سامنے سیاسی نکتہ نظر پیش کیا ہے، بھارت خطہ کو عدم استحکام کی جانب لے جارہا ہے ،مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

40

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے سیاسی نکتہ نظر پیش کیا ہے بھارت خطہ کو عدم استحکام کی جانب لے جارہا ہے پاکستان کو اسلامی دنیا کو اکھٹا کرنے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیا نقشہ پاکستانی امنگوں کی عکاسی کر رہا ہے آج کے بعد یہی نقشہ استعمال ہوگا انہوں نے کہا کہ یہ پہلا سیاسی نقشہ ہے جو واضح کرتا ہے کہ پاکستان کے عوام کا کیا موقف ہے۔ قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ بھارت نہ تو دوطرفہ معاہدوں کا احترام کر رہا ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کررہا ہے اور وہ خطہ کو عدم استحکام کی جانب لے جارہا ہے ،بھارت نے خطہ کے ممالک چین نیپال اور بنگلہ دیش کے ساتھ بھی محاز آرائی کی جنہوں نے اسے منہ توڑجواب دیا ۔معید یوسف نے کہا کہ بھارت کا جاری کردہ نقشہ مضحکہ خیز ہے جو بین الا قوامی قوانین پر پورا نہیں اترتا بلکہ اس کی مکمل نفی کرتا ہے ۔