اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی)وزارت اوور سیز نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران مختلف ممالک میں کمیونٹی کی مدد کے لیے 28 فوکل پرسنز نے خدمات سرانجام دیں ۔وزارت کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق کورونا وباءکے دوران مختلف ممالک میں پاکستانی شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستانی سفارتی مشنز اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کے ہمراہ 28 فوکل پرسنز کام کررہے تھے۔اوورسیز کے سینئر عہدیدارنے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ کچھ ماہ قبل گراﺅنڈ آپریشنز ،کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں اور پاکستانی سفارتی مشنز کی معاونت کے لیے وزارت نے فوکل پرسن تعینات کیے تھے۔ وزارت کے مطابق سعودی عرب میں 16، متحدہ عرب امارات میں 8 اور قطر میں 4 فوکل پرسن اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے ، ان فوکل پرسنز کی نگرانی میں ٹیموں نے ریلیف آپریشنز میں حصہ لیا ۔ ا ن ٹیموں میں ہیلپ لائن ٹیم ، ڈیٹا ویری فکیشن ٹیم ، کوآرڈینیشن ٹیم ، میڈیکل سپورٹ ٹیم اور پیشنٹ سپورٹ ٹیم شامل تھیں۔