وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی مارننگ سیشن میں یوم آزادی اور محرم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو

229

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ ایند آپریشن سینٹر مارننگ سیشن کے موقع پر مختلف شعبوں کے افتتاحی مراحل اور یوم آزادی اور محرم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فورم کو آگاہ کیا گیا کہ معاشرتی دوری کے اقدامات اور چہرے پر ماسک پہننے کو یقینی بنانے کے لئے ایک مکمل ضابطہ اخلاق بنایا گیا ہے۔ فورم کو بتایا گیا کہ فیس ماسک اور سادہ کپڑوں کے ماسک کے استعمال سے کوویڈ کے پھیلاو کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ صحت کے رہنما خطوط اور خفاظتی تدابیر کے ساتھ مختلف شعبوں کو کھولنا ہوگا۔ کوویڈ کا خطرہ اب بھی موجود ہے اور اگر صحت کے رہنما خطوط پر عمل نہیں کیا جاتا ہے تو ہمیشہ خطرہ رہے گا کہ یہ بیماری پھر پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام بہت ذمہ دار قوم ہیں اور انہوں نے صحت کے مختلف رہنما خطوط پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ بہت صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگر اسی جذبے کے ساتھ محرم کے جلوسوں پر بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے تو اس سے اس بیماری کے پھیلاو کو روکا جا سکے گا۔ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے وفاقی اور صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ آئندہ محرم کے دوران موثر اقدامات کے ذریعے عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔