انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا دیا

163

مانچسٹر ۔ 8 اگست (اے پی پی)انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 169 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی اور اس نے میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 277 رنز کا ہدف دیا تھا، انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 117 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد جوز بٹلر اور کرس ووکس نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز کی قیمتی شراکت بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، ووکس 84 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ بٹلر 75 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، یاسر شاہ نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ہفتہ کو مانچسٹر ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم نے 137 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 169 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، یاسر شاہ 33 اور نسیم شاہ 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اسطرح انگلش ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 277 رنز کا ہدف ملا، سٹورٹ براڈ نے 3، کرس ووکس اور بین سٹوکس نے 2، 2 جوفرا آرچر اور ڈومنک بیس نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے میزبان ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 117 کے سکور پر آدھی ٹیم آﺅٹ ہو گئی تھی، روری برنز 10، سبلی 36، کپتان جوروٹ 42، بین سٹوکس 9 اور اولی پوپ 7 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر جوز بٹلر اور کرس ووکس پاکستانی باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 139 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، 256 کے سکور پر یاسر شاہ نے بٹلر کو 75 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، براڈ 7 رنز بنا کر یاسرشاہ کی گیند کا نشانہ بنے، ووکس ڈٹے رہے اور انہوں نے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، یاسرشاہ نے 4 جبکہ نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ لی۔