معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار کی پی ٹی وی سے گفتگو

65
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کشمیریوں کو حق خودارادیت کیلئے بھارتی مظالم کے سامنے بہادری سے کھڑے ہونے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون اس وقت بہتا رہے گا جب تک ان کے حقیقی مطالبات پورے نہیں ہو جاتے، کشمیری نوجوان آج بھی کشمیر کاز کیلئے ثابت قدمی کے ساتھ بھارت کی جابرانہ اور غاصب حکومت کے سامنے کھڑے ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں۔ اتوار کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ اپنے ضمیروں کو جگائیں اور مسئلہ کشمیر کیلئے آواز اٹھائیں کیوں کہ قابض بھارتی افواج بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے۔ عثمان ڈار نے یقین دلایا کہ ہم کشمیری نوجوانوں سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں جتنا ہم پاکستان کے نوجوانوں سے کرتے ہیں ، اس وقت نوجوان کشمیریوں کی تحریک آزادی کیلئے فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستانی کبھی بھی کشمیر کو فراموش نہیں کریں گے اور نہ ہی آزادی کی جدوجہد کو ترک کرنے دیں گے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ معاون خصوصی امور نوجواناں نے آزادی کی تحریک میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہزاروں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کشمیریوں کو بہت جلد ان کی تاریخی جدوجہد کا پھل ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو پاکستان نے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرکے جموں و کشمیر کے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے کو پورا کرے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پالیسیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے عالمی برادری کو پوری طرح آگاہ کرنے کے لئے ملک کا نیا سیاسی نقشہ تیار کیا ہے جو گزشتہ سال بھارتی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے غیرقانونی اقدام کی نفی کرے گا۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ جب سے وزیر اعظم عمران خان اقتدار میں آئے ہیں تو بھارت بیک فٹ پر جانے پر مجبور ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی زیادہ متحرک ہے، اب خطے کی صورتحال تبدیل ہو گئی ہے اور پاکستان ایک مضبوط پوزیشن میں ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر سے متعلق مہذب دنیا نے ہمارے بیانیئے کو تسلیم کیا ہے۔