اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر …
مخدوم شاہ محمود قریشی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر کی ملاقات ،پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ،وزیر خارجہ
اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ان سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر کا منصب سنبھالنے پر سری لنکن سفیر کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔توقع ہے کہ آپ کی تعیناتی سے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔وزیر خارجہ نے سری لنکا میں حالیہ الیکشن کے نتیجے میں وزیر اعظم مہیندا راجہ پکاسا اور ان کی پارٹی کی نمایاں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سارک کو خطے میں اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور اسے خطے میں امن و استحکام کیلئے مزید فعال دیکھنے کا متمنی ہے۔وزیر خارجہ نے سری لنکن ہائی کمشنر کو گذشتہ سال دسمبر میں ہونیوالے اپنے دورہ سری لنکا اور سری لنکن قیادت کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔سری لنکن ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ دیا ہے۔







