اقوام متحدہ کا ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے کے موقع پر گذشتہ سال مارے جانے والے 125 امدادی کارکنوں کو خراج عقیدت

94

جنیوا ۔ 19 اگست (اے پی پی) اقوام متحدہ نے ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے کے موقع پر 2019 کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں مارے جانے والے 125 امدادی کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے آفس فار دی کوارڈینیشن آف ہیومینیٹیرین افیئرز نے اس موقع پر دنیا بھر میں امدادی کارکنوں کے خلاف حملوں اورپرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشل بیچلٹ نے بھی شرکت کی۔ہیومینیٹیرینز آئوٹ کمز نامی ریسرچ گروپ کے طرف سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال کے دوران امدادی کارکنوںکے قتل، اغوا اور ان پر تشدد کے سب سے زیادہ 277 واقعات سامنے آئے۔ ان واقعات میں کل 483 امدادی کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے 125 مارے گئے،234 زخمی ہوئے اور124 کو اغوا کیا گیا۔ یہ تعداد 2018 کے مقابلہ میں 18 فیصد زیادہ ہے۔ امدادی کارکنوں کے خلاف تشدد کے سب سے زیادہ واقعات شام میں پیش آئے۔ اس فہرست میں سوڈان دوسرے، عوامی جمہوریہ کانگو تیسرے، افغانستان چوتھے اور سینٹرل افریقن ریپبلک پانچویں نمبر پر رہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کے مطابق کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے دوران دنیا بھر میں امدادی کارکنوں کی سرگرمیوں کا دائرہ پہلے سے کہیں زیادہ وسیع ہو چکا ہے۔ ان میں سے اکثر گمنام ہیرو ہیں اور بہت سے دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لئے اپنی جانیں دائو پر لگا دیتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے آفس فار دی کوارڈینیشن آف ہیومینیٹیرین افیئرز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے دوران دنیا بھر میں درجنوں امدادی کارکن پرتشدد حملوں کا نشانہ بنے ہیں اور حالیہ ہفتوں کے دوران نائیجر اور کیمرون میں ہونے والے ایسے ہی حملوں میں کئی امدادی کارکن مارے گئے ہیں۔9 اگست کو نائیجر میں ایک واقعہ میں 6فرانسیسی امدادی کارکن مارے گئے۔ بین الاقوامی ادارے ریڈ کراس کے مطابق صرف کورونا وائرس کی حالیہ وبا کے دوران دنیا بھر میں ہیلتھ ورکز پر 600 سے زیادہ حملے کئے گئے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے 19 اگست 2003 کو بغداد میں اقوام متحدہ کے کمپائونڈ پر حملے میں مارے جانے والے 22 افراد کی برسی کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوارڈینیٹر مارک لوکاک نے اس موقع پر کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے لئے فنڈز کی فراہمی اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنا کر حملوں کا نشانہ بننے والے امدادی کارکنوں کو بہترین خراج تحسین پیش کیا جاسکتا ہے۔