صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا جہلم بائیو ٹیکنالوجی پارک کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب

95

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جہاں ملکی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی وہاں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں جہلم بائیو ٹیکنالوجی پارک کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے صدر مملکت کو ملک کی معاشی ترقی میں بائیو ٹیکنالوجی ہربل میڈیسن پارک کی اہمیت اور کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ صنعتی بائیو ٹیکنالوجی ہماری برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیو ٹیکنالوجی ہربل میڈیسن پارک پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ صدر مملکت نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی پر زور دیا کہ وہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (آر اینڈ ڈی) منصوبوں کو ملک کی معاشی و معاشرتی ضرورتوں کے مطابق استوار کرے۔ اجلاس میں وزیر جنگلات پنجاب محمد سبطین خان، سپیشل سیکرٹری ہاو¿سنگ پنجاب محمد شفیق احمد، پلاننگ کمیشن کے ممبر سائنس ڈاکٹر سیّد حسین عابدی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ہیڈکوارٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی اور ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم افضل نے بھی شرکت کی۔