وزیراعلیٰ بلوچستان کو پولیس کی کارکردگی اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے بریفنگ

88

کوئٹہ۔26اگست (اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو سینٹرل پولیس آفس کے دورے کے موقع پر پولیس کی کارکردگی اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو، صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکریٹری ماہ جبین شیران، مبین خان خلجی اور چیف سیکریٹری فضیل اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ اور دیگر متعلقہ پولیس آفیسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی جی پولیس کی جانب سے 2020ءکو بلوچستان پولیس کے لئے ڈیجیٹیلائزیشن کا سال قرارد یا گیا ہے اور ڈی تھری سی پروجیکٹ کے فیز ون اور فیز ٹو پر عملدرآمد کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت ایف آئی آر کے اندارج سے لے کر پولیس کے دیگر تمام امور کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جارہا ہے جن میں کمیونٹی پولیسنگ کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سمارٹ پولیس اسٹیشن کا قیام، عوامی شکایات کا ازالہ، ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم، پولیس اہلکاروں کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت بھی شامل ہے جبکہ مجرموں کے ڈیٹا بیس کی تیاری بھی پروجیکٹ کا حصہ ہے جس کے لئے دیگر صوبوں کی پولیس کے ساتھ معاہدے کیے گئے ہیں، منصوبے کے تحت کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع میں سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے، سینٹرل پولیس آفس میں کمانڈ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان پولیس کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کرنے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے آئی جی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر بھی جدید ٹیکنالوجی استعمال کررہے ہیں جن سے موثر طور پر مقابلہ کرنے کے لئے پولیس کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرنا ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت بلوچستان پولیس کو ایک جدید، متحرک اور فعال فورس میں ڈھالنے کے لئے بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔