اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پاکستانی قوانین کا احترام کرنا چاہیے ،نواز شریف علاج کے لئے باہر گئے تھے اگر ٹھیک ہیں تو واپس آجائیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو پاکستانی قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا یہ کہنا کہ انہوں نے کوئی ضمانت نہیں دی،درست نہیں یہ طرز عمل ملک کے احتساب کے نظام اور عدلیہ پر ان کا عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ میاں صاحب نے اپنا کیس خود خراب کرلیا ہے ، کیونکہ ان کی جماعت نے کسی سنجیدہ رویہ کا اظہار نہیں کیا اگر وہ واقعی میں بیمار تھے تو انہیں علاج کرانا چاہیے تھا اور ٹھیک ہونے پر واپس آنا چاہیے تھا مگر ایسا نہیں ہوا ، لندن سے بھیجی گئی تصا ویر سے وہ صحت مند نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف بیمار ہیں تو انہیں اپنی تازہ میڈیکل رپورٹس پاکستان بھیجنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ نیب اپنے فیصلوں میں آزاد ہے انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ہم نے مریم نواز کی پیشی لگائی ہم نیب نہیں ہیں ،نیب ہم سے ڈکٹیشن نہیں لیتا ۔ ایک سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف سے موازنہ نہ کیا جائے، عمران خان 22 سال کی جدوجہد کے بعد حکومت میں آئے، نواز شریف نے ڈیل کی سیاست کی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہیں اب ن لیگ اور پی پی پی کو بھی اپنے گوشوارے داخل کرانے چاہیے ۔