نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مغوی عورت اور اس کی تین بیٹیوں کی کامیابی سے بازیابی کے بعد اغوا کاروں کو گرفتارکر لیا

97
National Highway Authority
National Highway Authority

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ ٹو سیکٹر کے افسران نے مغوی عورت اور اس کی تین بیٹیوں کی کامیابی سے بازیابی کے بعد اغواءکاروں کو گرفتارکر لیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ ٹو کے افسران ایس پی او ملک عباس اور SPO محمد منیر معمول کی پیٹرولنگ پر تھے کہ دورانِ پیٹرولنگ راجگان سی این جی مندرہ کے پاس موٹروے پو لیس کے افسران نے کار نمبری LXF-9255 کے اندر سے ایک عورت کو مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا۔ افسران نے بڑی ذمہ داری اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذکورہ کار کو روک کر خاتون اور تینوں بچوں کو کامیابی کے ساتھ بازیاب کرا لیا اور دو اغوا کاروں جن کے نام سہیل ادریس ولد راجہ محمد ادریس سکنہ گوجر خان راولپنڈی اور شہزاد ولد محمد فاروق کو گرفتار کرلیا۔ڈیوٹی پر موجود افسران نے ملزمان سے 30بور پسٹل بھی برآمد کرلیا۔ مغوی خاتون، ملزمان اور مال ِ مقدمہ کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس اسٹیشن سہالہ کے ڈیوٹی آفیسر کے حوالے کردیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے موٹروے پولیس کے افسران کو بہتر کارکردگی پر تعریفی اسناد اورڈی آئی جی این فائیو نارتھ زون محمد وصال فخر سلطان نے افسران کو نقد انعام سے نوازا ہے۔