آزادی کپ ٹین پن باﺅلنگ ٹورنامنٹ آئندہ ماہ کھیلا جائے گا

242

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام آزادی کپ ٹین پن باﺅلنگ ٹورنامنٹ آئندہ ماہ اکتوبر لیڑر سٹی باﺅلنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ گذشتہ روز پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئی ہیں اور ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نو مختلف کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز اینڈ ڈبلز، لیڈیز سنگلز اور ڈبلز، ایمچور، اندڑ 12، انڈر 14، انڈر 16 اور میڈیا کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث کھیلوں اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے جس کمی کو پورا کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی دل لگا کر محنت کریں تو اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ اعجاز الرحمن نے کہاکہ آزادی کپ ٹین پن باﺅلنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن آئندہ ماہ اکتوبر کے پہلے ہفتے کھول دی جائے گی۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے ملک بھر سے کھلاڑی اپنی اپنی رجسٹریشن آن لائن کروا سکیں گے اور مزید معلومات کے لئے پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد حسین چٹھہ سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔