اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے دومہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 8.32 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی تا اگست 2020ءملک کے تجارتی خسارہ کاحجم 3.38 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 8.32 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دوماہ میں تجارتی خسارہ کاحجم 3.68 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق پہلے دوماہ میں برآمدات کاحجم 3.58 ارب ڈالررہا ، گزشتہ مالی سال کے پہلے دوماہ میں برآمدات کاحجم 3.74 ارب ڈالررہاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دومہینوں میں درآمدات کا حجم 6.96 ارب ڈالررہا، گزشتہ سال کی اسی مدت میں درآمدات کا حجم 7.43 ارب ڈالرریکارڈکیا گیاتھا۔جاری مالی سال میں ملکی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6.28 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔