نیو یارک ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ نے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے کےلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیو یارک میں اپنے غیر رسمی اجلاس میں رابطہ گروپ نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر مجبور کیا جانا چاہیے جن میں غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوام کو اپنا حق خودارادیت استعمال کرنے کےلئے رائے شماری کرانے پر زوردیا گیاہے۔رابطہ گروپ کے ارکان نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خصوصی پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئے ڈومیسائل قانون کے ذریعے آباد ی کا تناسب منظم طریقے سے تبدیل کرنے میں مصروف ہے۔انہوںنے کہاکہ 16لاکھ سے زیادہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراءکا مقصد مقبوضہ علاقے کو ایک مسلم اکثریتی علاقے سے ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کےلئے بھارت ایک نئی قانون سازی کے ذرےعے اردو زبان کی حیثیت کو بھی تبدیل کر رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے اپنے خصوصی پیغام میں بھارت پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میںاپنا غیر انسانی فوجی محاصرہ فوری طور پر ختم کرے ، مواصلاتی ذرائع ، نقل وحرکت اور پرامن اجتماعات پر عائد پابندیاں اٹھائے ، نظربند سیاسی رہنماو¿ں کو رہا کرے اور نئے ڈومیسائل قوانین کو واپس لے۔