سابق آسٹریلوی بلے باز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈکوچ ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے تمام ممالک کے کرکٹ بورڈز حکام کا جونز کی موت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار، جونز کو ہمیشہ ایک لیجنڈ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، کرکٹ آسٹریلیا چیئرمین

119

ممبئی ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) سابق آسٹریلوی بلے باز اور پاکستان سپر لیگ فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے، ان کی عمر 59 برس تھی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ڈین جونز ان دنوں بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ میچز میں کمنٹری کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ جونز جمعرات کی صبح اپنے ساتھیوں کے ساتھ پری میچ ڈی بریفنگ میں شریک تھے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہاں سے دوبارہ اپنے کمرے میں جانے کے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور اسلام آباد یونائیٹڈ فرنچائز سمیت دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز اور فرنچائزز حکام نے ڈین جونز کی موت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔ ڈین جونز کو 59 ٹیسٹ اور 164 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل تھا، وہ 1987ء میں ورلڈ کپ فاتح آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ 1997-98ء میں تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد انہوں نے بحیثیت کوچ اور کمنٹیٹر فرائض سر انجام دینے شروع کئے۔ ڈین جونز 2015ء سے 2019ء کے دوران پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈکوچ بھی رہے۔ کرکٹ آسٹریلیا چیئرمین ایرل ایڈنگز نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈین جونز جنریشنز آف کرکٹرز کے ہیرو تھے اور انہیں ہمیشہ ایک لیجنڈ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔