کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کی اٹاوا میں سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات سے بات چیت

اٹاوا۔13اکتوبر (اے پی پی): کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے پاکستانی تنظیموں کو اپنے جملہ وسائل کو یکجا کرنے کے لیے کنسوریشم تشکیل دینے اور پاکستان میں زراعت،تعمیرات،تعلیم اور خوراک کے شعبوں میں طویل المعیاد بڑے منصوبے شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے یہ بات اٹاوا میں پاکستان ہائی کمیشن کے دورے پر آئے ہوئے شمالی امریکہ اور کینیڈا کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے …

اٹاوا۔13اکتوبر (اے پی پی): کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے پاکستانی تنظیموں کو اپنے جملہ وسائل کو یکجا کرنے کے لیے کنسوریشم تشکیل دینے اور پاکستان میں زراعت،تعمیرات،تعلیم اور خوراک کے شعبوں میں طویل المعیاد بڑے منصوبے شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے یہ بات اٹاوا میں پاکستان ہائی کمیشن کے دورے پر آئے ہوئے شمالی امریکہ اور کینیڈا کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔رضا بشیر تارڑ نے انہیں مشترکہ طور پرٹھوس کاروباری تجاویز تیار کرنے اور کینیڈا کی پاکستانی تنظیموں کے کاروباری ارکان اور سرمایہ کاروں پر مشتمل ایک وفد کوپاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس کے لیے اٹاوا میں قائم پاکستان مشن اور کینیڈا کے دیگر شہروں میں قائم پاکستانی قونصلیٹ مجوزہ وفد کے ارکان کی سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر متعلقہ پاکستانی اداروں سے ملاقاتوں اور بعد ازاں پاکستان میں کاروباری منصوبے اور شراکتیں شروع کرنے کے لیے بھر پور مدد اور مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ ایڈمنٹن، البرٹا سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری و سماجی شخصیت مبین احمد کے علاوہ عطا الرحمن سید اور کینیڈا پاکستان ایسوسی ایشن نیشنل کیپٹل ریجن کی صدر صدف ابراہیم بھی ملاقات کے دوران موجود تھیں۔ دریں اثنائ ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ کی ہدایت پر ڈپٹی ہائی کمشنر پاکستان شہباز ملک نے پاکستان میں کینیڈا کے ٹریڈ کمشنر مارگس میکڈونلڈ جو اِن دنوں کینیڈا کے دورہ پر ہیں، سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ کینیڈا کی سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی ’کانسٹلیشن سافٹ ویئر‘ نے حال ہی میں کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے ایک ہزار کے لگ بھگ نوجوان پاکستانی سافٹ ویئر ا نجینئرز اور پروگرامرز بھرتی کیے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔اسی طرح قابل تجدید توانائی میں شہرت کی حامل کینیڈین کمپنی جے سی ایم نے صوبہ سندھ میں جھم پیر کے علاقے میں50 میگاواٹ بجلی کا پلانٹ لگایا ہے جبکہ50 میگاواٹ بجلی کے اور پلانٹ کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے۔علاوہ ازیں کینیڈین حکام اور پاکستان کے پرائیویٹ پاور اینڈ انفرا سٹرکچر بورڈ کے مابین ملک میں پاور ٹرانسمشن کی تعمیر و تنصیب کے ایک بڑے منصوبے پر گفت و شنید جاری ہے جس کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کے لیے کینیڈین کمرشل کارپوریشن(سی سی سی) اوردیگر کئی سرمایہ کار حامی بھر چکے ہیں۔