پاکستان کا 27 نکات میں سے 21 پرکامیابی سے عمل ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا پاکستان کو2021 کے وسط تک گرے لسٹ میں رکھنے کا اعلان، بلیک لسٹنگ خارج ازامکان

122

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف) نے پاکستان کو2021 کے وسط تک گرے لسٹ میں رکھنے کا اعلان کیاہے، فیٹف نے قراردیاہے کہ پاکستان نے 27 نکات میں سے 21 پرکامیابی سے عمل کیاہے۔یہ اعلان فیٹف کے صدرمارکوس پلئیرنے فیٹف کے تین روزہ سیشن کے بعدورچوئل پریس کانفرنس میں کیا۔وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماداظہرنے فیٹف کے فیصلہ کوسراہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے 27نکات میں سے 21 پربہترپیش رفت دکھائی ہے، جبکہ باقی ماندہ سے متعلق قراردیاگیاہے کہ یہ جزوی طورپرمکمل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک سال کے عرصہ میں 27 میں سے 5 اقدامات کے مقابلہ میں آج پاکستان نے 27 میں سے 21 اقدامات پربہترپیش رفت دکھائی ہے، فیٹف نے اس بات کا اعتراف کیاہے کہ کسی قسم کی بلیک لسٹنگ اب خارج ازامکان ہے۔ حماداظہرنے کہاکہ موجودہ ایکشن پلان پربحث ومباحثہ کی بجائے بات چیت کا مرکز آئندہ سال کے وسط تک دوسرے جائزہ مین پاکستان کوسہولیات کی فراہمی پرتھا۔وفاقی وزیرنے تمام وفاقی اورصوبائی ٹیموں کومبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ٹیموں نے اس اہم کامیابی کے حصول میں وبا کے دنوں میں بھی دن رات کام کیا۔