قوم کے لوٹے ہوئے پیسے کا جواب ملنا چاہیے‘ حکومت یہ پیسہ معاف نہیں کر سکتی،مراد سعید

120

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ قوم کے لوٹے ہوئے پیسے کا جواب ملنا چاہیے‘ حکومت یہ پیسہ معاف نہیں کر سکتی‘ ناموس رسالت ‘ سانحہ پشاور اور کوئٹہ دھماکوں پر اپوزیشن کی سنجیدگی قوم کے سامنے ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے سانحہ پشاور پر سیاست شروع کی ہے۔ پرسوں ناموس رسالت اور آج سانحہ پشاور پر اپوزیشن کی سنجیدگی سب کے سامنے واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے جلسہ میں کہا گیا کہ پاک افغان بارڈر پر باڑ کو اکھاڑا جائے گا۔ یہ بھول گئے ہیں کہ اس باڑ کے بعد پاکستان محفوظ ہوا ہے۔ اچکزئی کا بھائی خود گورنر تھا۔ انہوں نے پختونوں کے لئے کیا کیا ہے۔ ہمارے بچوں پر سیاست سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران جب سامنے آیا تو اس پر بھی اپوزیشن کی جانب سے سیاست کی گئی۔ فیٹف پر جب قانون سازی ہو رہی تھی تو اس موقع پر اپوزیشن نے تحریری این آر او پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے وہ جواب دیں۔ یہ پیسہ حکومت معاف نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ قطری خط ملکی دولت لوٹنے کا اداروں سے کیا تعلق ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ اجیت دوول نے پاکستان کے حوالے سے کہا کہ وہ باہر سے حملہ نہیں کر سکتے‘ اس بیان کے بعد اندرونی سازشیں شروع ہوئی ہیں۔ بلوچستان اور پختونخوا میں بدامنی اور شیعہ سنی فسادات کی سازش ہو رہی ہے۔ کوئٹہ جلسہ میں سٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ بلند ہوا۔ یہ ایوان اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔ مزار قائد پر جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ قائد کے مزار کا ایک تقدس ہے۔ میں بھارت کے نظریہ اور سوچ کی مذمت کرتا ہوں۔ مراد سعید نے کہا کہ اردو زبان کی ترویج آئین کا تقاضا ہے۔ یہ لوگ اجیت دوول کے بیانیہ اور مودی کی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں۔ کشمیر 54 سال کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔ موجودہ حکومت کے دور میں تین بار سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی۔ ناموس رسالت کا معاملہ عمران خان پوری دنیا اور اقوام متحدہ میں لے گئے۔ جب فلسطین کی بات کی تو پاکستان کے خلاف سازشیں شروع ہوگئیں۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ انہیں عدالت عظمیٰ نے سرٹیفائیڈ چور اور عمران خان کو صادق امین قرار دیا ہے۔ اپوزیشن بھارت اور اسرائیل کی سازشوں میں میر جعفر کا کردار ادا نہ کرے۔