راولپنڈی۔28اکتوبر (اے پی پی):زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 22 سال بعد راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ون ڈے میچ کھیلے گی۔ زمبابوین ٹیم نے آخری بار 24 نومبر 1998 کو راولپنڈی سٹیڈیم میں ون ڈے میچ کھیلا تھا جس میں اسے 111 رنز سے شکست ہوئی۔ اس میچ میں پاکستان کے کپتان عامر سہیل اور زمبابوے کے کپتان ایلسٹر کیمبل تھے۔ میچ کی خاص بات اعجاز احمد کی شاندار سنچری تھی۔ انہوں نے 103 گیندوں پر چار چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 132 رنز بنائے اور مرد میدان کا اعزاز حاصل کیا۔