اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر اون عباس بپی نے کہا ہے کہ ملک بھر کی 150 سے زائد پناہ گاہوں میں عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی جہاں متعدد مستحق افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ جمعہ کو پشاور موڑ پناہ گاہ اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اون عباس بپی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے تحت غریب اور ضرورت مند افراد کی سہولت کے لئے ملک بھر میں پناہ گاہیں قائم کی جا رہی ہیں۔ پناہ گاہ میں میلاد مصطفی ﷺ کے حوالے سے تقریب میں بڑی تعداد میں غریب افراد نے شرکت کی۔ مذہبی رہنماوں نے حضور اکرم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقاریر اور نعت خوانی پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور غریب طبقہ کا خیال رکھنے کے لئے حضور اکرم کے پیغام پر عمل کرنا چاہئے۔ ایم ڈی بیت المال نے گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کسی کو بھی آزادی اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا حق حاصل نہیں ہے۔