نواز شریف اور مریم نواز کا سیاسی مستقبل نظر نہیں آ رہا، لیگی قائدین کو اپنے بیانیے میں قومی اداروں سے پیچھے ہٹنے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فوادحسین

114
ہم منظم مافیا کا سامنا کر رہے ہیں، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی بے سروپا رپورٹ میں ایسے قصے جوڑے گئے کہ کرپٹ اپوزیشن کی بھی جرات ہوئی کہ حکومت پر تنقید کرے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا بیانیہ غصے پر مبنی ہے، وہ ناراض ہیں کہ ان کے کیسز ختم کیوں نہیں کئے جاتے، ن لیگ پنجاب میں اینٹی آرمی چورن بیچنا چاہ رہی ہے جس سے پنجاب میں ن لیگ کی سیاست خطرے میں ہے، نواز شریف اور مریم نواز کا سیاسی مستقبل نظر نہیں آ رہا، لیگی قائدین کو اپنے بیانیے میں قومی اداروں سے پیچھے ہٹنے کی ضرورت ہے، اگر بدعنوان عناصر حکومت کو بلیک میلنگ کر کے فائدے لے جائیں اور کرپشن کا احتساب نہیں دیں گے تو ملک کبھی ٹھیک نہیں ہو گا اسلئے وزیراعظم عمران خان کا موقف درست ہے کہ وہ احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ سے بات ہوئی، انہوں نے کہا کہ تھریٹس کو سنجیدہ لینا چاہیے، تھریٹس کو سنجیدہ نہ لینے پر ہمیں پہلے بھی سنگین نتائج بھگتنا پڑے تھے، اعجاز شاہ کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا، ان کے بیان کا ایک حصہ چلا دوسرا حصہ نہیں چلا جس سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے میرے بیان کو غلط رنگ دیا، بھارتی میڈیا نے میرے پلوامہ واقعہ کے حوالے سے بیان آدھا چلایا، سوشل میڈیا میں ایڈیٹنگ کر کے بیان کا صرف ایک ہی حصہ چلا دیا جاتا ہے، ہمیں ایسا مکینزم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نہ چلا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ن لیگ کا گڑھ ہے، ن لیگ خود اسٹبلشمنٹ کی پیداوار ہے اور اس نے طویل عرصے تک اسٹبلشمنٹ کے ساتھ کام کیا ہے، ن لیگ جسطرح اینٹی آرمی چورن بیچنا چاہ رہی ہے اس کے ساتھ لوگوں کا کھڑا ہونا مشکل ہے اور آگے چل کر ن لیگ کے حالات مزید خراب ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا بیانیہ سیاسی نہیں ہے، ان کے آٹھ کیسز ہیں جن پر ساری مصیبت کھڑی ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ان کے کیسز ختم کر دیئے جائیں لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کے ساتھ احتساب کے معاملے پر بات کرنے کیلئے تیار نہیں ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کا بیان انتہائی غیرمناسب ہے، سیاستدانوں کو بیان بازی کرتے ہوئے قومی مفاد کو سامنے رکھنا چاہیے،جھوٹی سیاست کرنے کی نوبت نہیں آنی چاہیے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت ملک کے مفاد میں سیاسی تناو کو کم کرنے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے کیلئے تیار ہے، اپوزیشن جماعتیں معاشی اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حکومت کو تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے پائے کا لیڈر نہیں ہے، بلاول بھٹو گلگت بلتستان میں جا کر بیانات دے رہے ہیں لیکن سندھ کی صورتحال سب کے سامنے ہے، عوام کو سابق حکمرانوں پر اعتماد نہیں ہے، لوگوں کو یقین ہے کہ صرف وزیراعظم عمران خان ہی ان کی امیدوں پر پورا اتر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو حاصل ہے، اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا، وہ جب چاہیں کابینہ میں ردوبدل کر سکتے ہیں۔