
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت صوابی میں جاری توانائی کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان، سیکرٹری توانائی، پیسکو چیف کے علاؤہ وزارت توانائی سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوابی میں توانائی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام نے سپیکر کو صوابی میں جاری توانائی کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر توانائی عمر ایوب خان نے بتایا کہ صوابی میں جاری توانائی کے تمام منصوبوں کو اپنی مقراہ مدت میں پورا کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ صوابی کی عوام کو توانائی کے حصول میں مسائل کا سامنا تھا جنہیں حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ موسم گرما میں ضلع صوابی میں صنعتی شعبے اور گھریلو صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوابی کی عوام کو لوڈ شیڈنگ اور لو وولٹج کے مسائل کا سامنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے جاری منصوبے کی تکمیل سےضلع صوابی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور لو وولٹج کے مسائل کا ہمیشہ کے لئے خاتمے ہو گا اورعوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میسر ہو گی جس سے صنعتی شعبے میں تیزی آئے گی اور عوام کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔