تمام پاکستانیوں کا تحفظ ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے ، طاہر محمود اشرفی

62

لاہور۔9نومبر (اے پی پی):تمام پاکستانیوں کا تحفظ ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے ،تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے ہمیشہ تمام پاکستانیوں کے جان ومال کے تحفظ کی بات کی ہے ، کسی گروہ ، جماعت یا فرد کے ماورائے قانون عمل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کی جان و مال ، عزت و آبرو کا تحفظ ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے ، پاکستان میں رہنے والے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 16 نومبر کے بعد ملک بھر میں انٹر فیتھ ہارمنی کونسلز کے قیام کے سلسلہ میں رابطوں کا آغاز کر دیا جائے گا جس سے بین المسالک و بین المذاہب مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔