شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا 20 واں اجلاس،وزیر اعظم عمران خان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کرینگے

136

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا 20 واں اجلاس (آج) منگل کو منعقد ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان ویڈیو کانفرنس کے زریعے 20 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت (ایس سی او سی ایچ ایس) میں شرکت کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کو ایس سی او سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے دی ہے۔روس کے صدر اجلاس کی صدارت کریں گے۔سیکرٹری جنرل ایس سی او اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے علاوہ ایس سی او رکن ممالک اور چار مبصرریاستوں کے رہنما بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل ایس سی او کا اعلی ترین فورم ہے۔