او جی ڈی سی ایل کے آئل فیلڈ سے یومیہ 36221بیرل تیل ، 904 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار

218
OGDCL
OGDCL

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی مختلف آئل فیلڈ سے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران یومیہ 36221بیرل تیل اور 904 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار حاصل ہوئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں تیل کی پیداوار 37560 بیرل یومیہ اور 960 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی گئی تھی۔ کمپنی ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہماہی میں714 ٹن یومیہ رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ میں ایل پی جی یومیہ پیداوار 702ٹن تھی۔ ملک کی تیل کی مجموعی پیداوار میں او جی ڈی سی ایل کا 47 فیصد، گیس کی پیداوار میں 29 فیصد اور ایل پی جی کی پیداوار میں 36 فیصدہے۔ او جی ڈی سی ایل نے رواں مالی سال کے دوران دو مزید کنوئوں سے تیل و گیس کی پیداوار سسٹم میں شامل کی ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی نے جونا 1 ، شین ڈنڈ 1، نانگ پیر 1 اور قادر پور62 سمیت 4 نئے مقامات پر ڈرلنگ کی ہے جبکہ 7 کنوئوں میں ڈرلنگ اور ٹیسٹنگ کا عمل بھی مکمل کیا۔ او جی ڈی سی ایل خام ملکی تیل و گیس کی پیداوار کے شعبہ میں سب سے زیادہ ہائیڈرو کاربن کے ذخائر کی دریافت کےساتھ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہی ہے اور تیل و گیس کی تلاش کے مجموعی علاقے کا 37 فیصد اس وقت او جی ڈ ی سی ایل کے پاس ہے۔ کورونا وائر کی وبا کی صورتحال کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود رواں مالی سال کے دوران او جی ڈی سی ایل کا ریونیو 59 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد رہا ہے جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 66 ارب 20 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا۔