الیکشن کمیشن نے مالی سال 2019-20کیلئے ارکان قومی اسمبلی کے مالیاتی گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دیں

85

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے مالی سال 2019-20 کیلئے ارکان قومی اسمبلی کے مالیاتی گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے اثاثوں کی مالیت 66 کروڑ روپے، اس کے علاوہ نوابشاہ شہر میں ان کی جائیداد کے ساتھ ساتھ 79 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری اور وہ 99 لاکھ روپے مالیت کے گھوڑوں اور دیگر جانوروں کے بھی مالک ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک ارب 58 کروڑ روپے کے اثاثے، 8 بینک اکائونٹس، رتوڈیرو میں زرعی اراضی، زرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ میں 2 لاکھ 10 ہزار روپے کے شیئرز ظاہر کئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے اثاثوں کی مالیت 24 کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ لاہور میں ان کے 14 بینک اکائونٹس، 26 لاکھ روپے مالیت کی زمین ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 11 کروڑ 36 لاکھ روپے مالیت کے بینک اور ہائوس بلڈنگ قرضے بھی ظاہر کئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ روپے ہے جبکہ انہوں نے ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی ظاہر کی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 21 کروڑ روپے ہے جبکہ انہوں نے 2 کروڑ روپے قرضے کی ادائیگی بھی ظاہر کی ہے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام ارکان پارلیمنٹ اور ارکان صوبائی اسمبلی پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے اہلخانہ کے اثاثوں کے گوشوارے 31 دسمبر تک جمع کرا دیں۔