نئی حکومت کی تشکیل اور اقتدار کی منتقلی کا عمل کوئی بھی نہیں روک سکتا، جوبائیڈن

136
جو بائیڈن

واشنگٹن۔11نومبر (اے پی پی):امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل اور اقتدار کی منتقلی کا عمل ڈونلڈ ٹرمپ تو کیا کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ڈیلاویئر میں اپنے ایک خطاب کے دوران کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے آئندہ سال 20 جنوری کو نئی حکومت قائم ہو کر رہے گی اور اس کے لیے ان کی ٹیم کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا اپنی شکست اور انتخابی نتائج کو تسلیم نہ کرنا شرمندگی کا باعث ہے لیکن ہمیں وائٹ ہائوس اور اپنی انتظامیہ کے ساتھ مل کر نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گااور ہم آگے بڑھ رہے ہیں کیونکہ صدر ٹرمپ کے شکست تسلیم نہ کرنے سے اقتدار کی منتقلی پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا اور نہ ہی کوئی نئی حکومت کی تشکیل اور اقتدار کی تبدیلی کا عمل روک سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کابینہ کے لیے بہترین انتخاب کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے انتخابات میں اپنی جیت کے بعد پہلی بار صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ریاست ایریزونا، پنسلوینیا ، نیواڈا اور جارجیا میں جوبائیڈن سے معمولی فرق سے ہار گئے جس کے بعد انہوں نے انتخابات میں دھاندلی اور فراڈ کا الزام عائد کیا ہے اور ان الزامات کے کے باعث امریکی اٹارنی جنرل ولیم بار نے گزشتہ روز وفاقی استغاثہ کے اہلکاروں کو انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی اور فراڈ کی تفتیش کی اجازت دے دی۔